حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ سکردو بلتستان پاکستان علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے صفر المظفر کے آخری ایام میں رسولِ خدا کی رحلت اور امام حسن مجتبیٰ و امام رضا علیہم السّلام کی شہادت کی مناسبت سے تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ رسولِ اکرم (ص) کی حیاتِ طیبہ انسانیت کے لیے رحمت، عدل، اخلاق اور وحدت کا کامل نمونہ ہے؛ جبکہ امام حسن مجتبیٰ (ع) نے صبر، حلم، حکمت اور امت کے وسیع تر مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے دینِ اسلام کی سربلندی اور حفاظت کے لیے بے مثال کردار ادا فرمایا۔
انہوں نے کہا کہ رسولِ رحمت، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور نواسۂ رسول، سبطِ اکبر حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی شہادت کے پُرسوز موقع پر امامِ زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجعِ عظام، علمائے کرام اور تمام امتِ مسلمہ بالخصوص محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت عرض کرتا ہوں۔
امام جمعہ سکردو نے مزید کہا رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیاتِ طیبہ انسانیت کے لیے رحمت، عدل، اخلاق اور وحدت کا کامل نمونہ ہے، جبکہ امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام نے صبر، حلم، حکمت اور امت کے وسیع تر مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے دینِ اسلام کی سربلندی اور حفاظت کے لیے بے مثال کردار ادا فرمایا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان مقدس ہستیوں کی سیرت کو محض عقیدت تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنے کردار، معاملات اور معاشرتی زندگی میں ان کی تعلیمات کو عملی طور پر اپنائیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں سیرتِ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور تعلیماتِ اہلِ بیت علیہم السلام پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔









آپ کا تبصرہ